ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ٹرک مالکان کے مطالبات پر مرکز سنجیدگی دکھائے: رام لنگا ریڈی

ٹرک مالکان کے مطالبات پر مرکز سنجیدگی دکھائے: رام لنگا ریڈی

Wed, 05 Apr 2017 02:18:30    S.O. News Service

بنگلورو:4/اپریل(ایس او  نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے کہاکہ پچھلے چھ دن سے جاری ملک گیر ٹرک ہڑتال کے سبب عوام کو جس طرح کی پریشانیاں لاحق ہیں مرکزی حکومت کو فوراً اس کی جانب توجہ دینا چاہئے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر رام لنگا ریڈی نے کہاکہ ٹرک مالکوں کی طرف سے جو مطالبات رکھے گئے ہیں ان کا تعلق ریاستی حکومت سے نہیں ہے، گاڑیوں کے انشورنس اور ان کے پریمیم کے تعین وغیرہ کا اختیار مرکزی حکومت کو ہے، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس ٹرک ہڑتال کے سبب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہاہے، خاص طور پر دودھ، ترکاری، پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس وغیرہ کی سربراہی میں دشواری ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی طرف سے کم از کم یہ ہدایت آنی چاہئے کہ ملک بھر میں اس مسئلے کو طول نہ دیا جائے، بلکہ ٹرک مالکوں کو یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ مرکزی حکومت ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے پر آمادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی نقل وحمل کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے کئے گئے متبادل انتظامات کا بھی کافی فائدہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت سے ریاستی حکومت کی طرف سے بھی مانگ کی گئی ہے کہ اس پر فوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی پامالیوں سے نمٹنے کیلئے ریجنل ٹرانسپورٹ دفاتر کی طرف سے لاگو جرمانہ کی شرح پر بھی نظر ثانی کرنے کی گذارش کی گئی ہے۔


Share: